MIX
معاشرے میںZakat سے لائی جاسکتی ہے ایک انقلابی تبدیلی، رمضان میں غریب خاندانوں، محنت کشوں و مستحق رشتہ داروں کی امداد کرنے کی اپیل
Ramazan and Zakat-Sadqah: زکوۃ اسلام کے بنیادی ارکان میں سے ایک ہے۔ زکوۃ ایک ایسا نظم ہے جس سے معاشرے میں ایک انقلابی تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار کرناٹک کے رائچور میں سماجی وملی رہنماوں اور دانشوروں نے نیوز ایٹین اردو سے بات کرتے ہوئے کیا۔دانشوروں نے بتایا کہ غریبوں کی خبرگیری اور انہیں بنیادی ضروریات فراہم کرنا فرزندان توحید پر فرض کفایہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وباء اور لاک ڈاون کے بعد سماج کا ایک بڑا طبقہ آج بھی کشمکش اور تنگدستی میں مبتلا ہے۔ اسی کے ساتھ ساتھ آسمان چھوتی مہنگائی نے غریب خاندانوں کا جینا مشکل کردیاہے۔ ملی رہنماوں نے ماہ رمضان المبارک میں زیادہ سے زیادہ غریب خاندانوں، چھوٹے تاجروں، محنت کشوں اور مستحق رشتہ داروں کی زکوۃ کے ذریعے مالی امداد کرنے کی صاحب نصاب حضرات سے اپیل کی ہے۔
وہیں کرناٹک میں ایک جانب نفرت کا بازار گرم ہے تو دوسری طرف اتحاد، بھائی چارے کی خوبصورت مثالیں بھی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ بنگلورو کے کورمنگلا میں موجود مسجد معمور میں پولیس کی جانب سے مسلم بھائیوں کیلئے افطار کا اہتمام کیا گیا۔ افطار کے موقع پر مقامی ہندو بھائیوں کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔افطار میں اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس سدھیر ایم ہیگڑے، کورمنگلا پولیس اسٹیشن کے انسپیکٹر روی کے وی سمیت پولیس اسٹیشن کا دیگر عملہ حاضر تھا۔ کورمنگلا پولیس کی جانب سے روزہ داروں کیلئے فروٹ، شربت کا انتظام کیا گیا تھا ۔ خود پولیس افسروں اور پولیس اہلکاروں نے اپنے ہاتھوں سے روزہ داروں میں فروٹ تقسیم کئے۔
مسجد معمور کمیٹی کے ذمہ داروں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی دن ہے، پہلی مرتبہ پولیس کی جانب سے افطار کا انتظام کیا گیا۔ نیوز ایٹین اردو نے اس موقع پر پولیس افسروں سے بات کرنے کی کوشش کی لیکن پولیس افسروں نے کہا کہ اعلی افسران کی اجازت کے بغیر وہ میڈیا میں کوئی بیان نہیں دے سکتے، لیکن لوگوں میں اعتماد کو مضبوط کرنے، مختلف مذاہب کے درمیان محبت کو پروان چڑھانے کی پولیس محکمہ کی اس کوشش کی ہر جانب ستائش کی جارہی ہے۔